Ticker

6/recent/ticker-posts

نائجیریا میں تحقیقی ادارہ پاکستانی سائنسدان کے نام سے موسوم

نائجیریا کے معروف تحقیقی ادارے ایڈو اسٹیٹ پولی ٹیکنیک یوسین نے معروف پاکستانی سائنسدان اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام پر ایک نیا تحقیقی ادارہ قائم کیا ہے۔ نائجیریا کے اس تحقیقی ادارے کا یہ قدم پروفیسراقبال چوہدری کی نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ پروفیسر اقبال چوہدری ایڈو اسٹیٹ کے گورنر سے اپنا ریسرچ اینڈ اچیومنٹ ایوارڈ بھی وصول کریں گے۔ اس ادارے کو اقبال چوہدری سینٹر فور نیچرل پروڈکٹ ریسرچ ( آئی سی سی این پی آر) کا نام دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں سینکڑوں سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہو چکی ہیں۔ امریکہ اور یورپ میں انکی تحریروادارت کردہ 61 کتب شائع ہو چکی ہیں۔ بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 1300 تحقیقی اشاعتیں اور 58 پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

مزید برآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیا سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 23 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ ان کے زیر نگرانی 83 طالبعلم پی ایچ ڈی اور 30 ایم فل مکمل کر چکے ہیں۔ بین الاقوامی اعزازات کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہِ امتیاز، ستارہِ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جا چکا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی مرکز اورجامعہ کراچی کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments