Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی

ڈاکٹر آصف محمود جاہ جذبے، ولولے اور خدمت انسانی سے بھر پور انسا ن ہیں،
یہ ہر اس جگہ پہنچ جاتے ہیں جہاں انھیں انسانیت تڑپتی ہوئی محسوس ہوتی ہے، یہ کسٹم جیسے طاقتور ادارے کے اعلیٰ افسر ہیں لیکن ان سے ملنے کے بعد انسان ان کی عاجزی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا، آپ کو سادگی اور والہانہ مسکراہٹ ان کے چہرے پرہر وقت نظر آئے گی، ڈاکٹر آصف محمود جاہ کاخاندان قیام پاکستان کے بعد سرگودھا میں آ کر آباد ہو گیا۔

ڈاکٹر آصف محمود جاہ 1962ء میں سرگودھا شہر میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم اسی شہر سے حاصل کی، ایم بی بی ایس کا امتحان کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے پاس کیا، سی ایس ایس کیا، محکمہ کسٹم میں اسسٹنٹ کلکٹرکی حیثیت سے تعینات ہوئے،یہ 20 کتابوں کے مصنف ہیں، ان کی سب سے معروف کتاب ’’دواء، غذا اور شفاء‘‘ ہے اس کی ہزاروں کاپیاں بک چکی ہیں، ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ’’اللہ، کعبہ اور بندہ‘‘ کے نام سے سفر نامۂ حج بھی تحریر کیا ہے، یہ اب اِس کا انگریزی ترجمہ “Journey towards Allah” کے نام سے شایع کر رہے ہیں لیکن ڈاکٹر صاحب کا اصل کمال ان کی انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔
ڈاکٹر صاحب پچھلے 25 سال سے اپنے دفتری اوقات سے فراغت کے بعد مریضوں کامفت علاج کر رہے ہیں، ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے 1991ء میں پہلا کلینک ملتان میں قائم کیا، یہ دفتری اوقات کے بعد مریضوں کو مفت چیک کیاکرتے تھے، 1997ء میں ان کی تعیناتی لاہور میں ہوئی توانھوں نے اپنے رہائشی علاقے میں غریبوں کے لیے ایک چھوٹی سی ڈسپنسری بنالی، یہ ڈسپنسری مسجد کے ایک چھوٹے سے کمرے میں شروع ہوئی، یہ نمازمغرب سے عشاء تک وہاں مریضوں کا مفت علاج کرتے تھے ،جیسے جیسے لوگ شفایاب ہوتے گئے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔
ڈسپنسری کے ساتھ لیبارٹری قائم ہوئی تو مخیر حضرات مل گئے اور یوں کارواں بنتا چلاگیا، وہ ڈسپنسری جو 19 سال پہلے مسجد کے ایک کمرے سے شروع ہوئی تھی وہ اب کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی چیریٹی اسپتال بن چکی ہے اور اس میں ہر شعبے کے اسپیشلسٹ معالجین بیٹھتے ہیں اور مریضوں کا مفت علاج کرتے ہیں، ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے 1998ء میں کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی پاکستان کے نام سے این جی او کی بنیاد رکھی، کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے جنوبی پنجاب اور چترال میں سیلاب زدگان کی بحالی کا کام بھی کیا اور2009ء میں بنوں میں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی خدمت بھی کی۔

سوسائٹی نے اس کے علاوہ 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلہ زدگان، 28 اکتوبر 2008ء کے زیارت کے زلزلے، 2010ء میں عطاء آباد جھیل، 2010-11ء کے خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے سیلاب، 2011ء کے سندھ کے سیلاب،2012ء کے جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب، اپریل و ستمبر 2013ء کے ماشکیل اور آواران کے زلزلے، مارچ 2014ء کے سندھ کے قحط، ستمبر 2014ء کے پنجاب کے سیلاب، مئی 2015ء کے پشاور کے طوفان اور جنوبی پنجاب کے حالیہ سیلاب کے دوران اربوں روپے کی امدادی اشیاء تقسیم کیں، لاکھوں مریضوں کا علاج کیا اور 1050 سے زائد گھر اور 50 مساجد اور درجنوں اسکول بھی تعمیر کروائے، سوسائٹی چاروں صوبوں میں ہیلتھ کلینکس، اسکولز، کمیونٹی سینٹرز اورویلفیئر کے کئی دوسرے پراجیکٹس کامیابی سے چلا رہی ہے، سال 2012ء میں حج کے دوران کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے سیکڑوں ملکی اور غیر ملکی حاجیوں کا علاج بھی کیا۔
کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی پچھلے دو سال سے تھر میں بھی مصروف عمل ہے، مارچ 2014ء میں تھر میں کام کا آغاز کیا اور یہ اب تک وہاں 200 کنوئیں بنا چکی ہے جن سے روزانہ ہزاروں انسان اور جانور سیراب ہو رہے ہیں، ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے ہم نے تھر میں بلاتخصیص رنگ و نسل اور مذہب کام کیا ہے، ہندوؤں کے گوٹھوں میں زیادہ کنوئیں بنوائے ہیں، جب بھی ریلیف کا سامان جاتا ہے تو ہندوؤں اور مسلمانوں میں برابر تقسیم کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے بتایا تھر میں پانی کی فراہمی کا کامیاب ذریعہ کنوئیں ہیں، ہم نے ان کنوؤں کی مستقل نگرانی کے لیے مقامی لوگوں کو ساتھ ملایا ہوا ہے، یہ ہر مہینے تمام کنوؤں کو چیک کر کے اس کی رپورٹ پیش کرتے ہیں اور جہاں خرابی ہو اس کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے، ڈاکٹر آصف نے انکشاف کیا ’’کچھ عرصہ قبل تھر کا چکر لگایا تو ایک گوٹھ میں اسکول کی عمارت دیکھی، استفسار پر پتہ چلا اسکول دو سال سے بند ہے، بچے پڑھنا چاہتے ہیں، 150 بچوں نے داخلہ لیا ہوا ہے مگر استاد پڑھانے کے لیے نہیں آتا، گھر بیٹھے تنخواہ لے رہا ہے۔

میں نے پورے گوٹھ سے لوگوں کو اکٹھا کیا، پوچھا آپ میں کوئی اُستاد ہے، ایک ریٹائرڈ استاد چار ہزار روپے مہینے پر پڑھانے کے لیے تیار ہو گیا یوں یہ اسکول اگلے دن شروع ہو گیا، پہلے دن 60 بچے آئے، ان کے لیے کتابوں اور اسٹیشنری کا بھی انتظام کر دیا گیا، اب یہ اسکول ’’لاہور تھرپارکر پرائمری اسکول‘‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہو چکا ہے،، ڈاکٹر صاحب نے بتایا، چترال کی خوبصورت وادی بمبوریت جولائی 2015ء کے سیلاب سے متاثر ہوئی، ہماری ٹیمیں فوراً وہاں پہنچیں، سیلاب زدہ لوگوں کو امدادی سامان پہنچایا، ان کے لیے گھروں کی تعمیر شروع کروائی، بمبوریت میں ایک خوبصورت مسجد بھی تعمیر کروائی اور اس کے ساتھ ایک ڈسپنسری بنوائی، یہ ڈسپنسری ایک کیلاشی لڑکی چلا رہی ہے۔

یہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ اور ان کی این جی او کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی پاکستان کی چند ناقابل فراموش خدمات ہیں، یہ بھی اگر ملک کے دیگر بیوروکریٹس کی طرح چاہتے تو اسٹیٹس انجوائے کر سکتے تھے، یہ فارغ وقت میں گالف کھیلتے یا سینئرز اور حکمرانوں کو خوش کرنے کے لیے منصوبے بناتے لیکن انھوں نے اپنے فارغ اوقات کو انسانیت کے لیے وقف کر دیا، یہ ایک جسم میں مختلف شخصیات لے کر پھر رہے ہیں مگر ان کی تمام ادبی، صحافتی اور ملازمانہ سرگرمیوں کے باوجود ان کی اصل پہچان اور شناخت ’’کسٹمز ہیلتھ کیئرسوسائٹی‘‘ ہے۔

حکومت نے ان کی خدمات کے اعتراف میں23 مارچ 2016ء کو انھیں ستارہ امتیاز سے نوازا، ڈاکٹر صاحب اور ان کی ٹیم ان مصیبت زدہ علاقوں میں کام کرتی ہے جہاں حکومت بھی نہیں پہنچ پاتی یا جہاں حکومت ناکام ہو چکی ہے، یہ لوگ تھر کے ان ریگستانوں میں پانی، تعلیم اور صحت کا بندوبست کر رہے ہیں جہاں حکومت اربوں روپے کا بجٹ خرچ کرنے کے باوجود فلاپ ہو چکی ہے، کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے تحت اس وقت ملک میں 17 کلینکس، 8 اسکول اور 10 کمیونٹی سینٹرز چل رہے ہیں،ڈاکٹر آصف محمود جاہ ایک بڑا اسپتال اور غریبوں کے بچوں کے لیے ایک میڈیکل کالج بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

میں ہر سال رمضان میں اہل خیر اور درد دل رکھنے والے پاکستانیوں سے ایسے اداروں کے لیے عطیات کی درخواست کرتا ہوں جو دوسروں کی تکالیف کم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں،ہم میں سے ہر شخص اپنے لیے آسائشیں تلاش کر لیتا ہے لیکن حقیقی خوشی اسی وقت میسر آتی ہے جب آپ دوسروں کے لیے خوشیوں کا سامان کرتے ہیں، دوسروں کی خدمت اور مدد ہی حقیقی معنوں میں انسانیت ہے، جن افراد کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ دولت سے نوازا ہے میں انھیں دعوت دیتا ہوں وہ بھی آگے بڑھیں اور کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم پر دکھی اور مصیبت زدہ انسانوں کی مدد کے لیے دل کھول کر عطیات جمع کروائیں۔

عطیات دینے کے لیے کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی اکاؤنٹ نمبر 4011311614 برانچ کوڈ 1887 ہے ۔ IBAN:76NBPA1887004011311614 ہے جب کہ Swift Code NBPAPKKA02L ہے۔ نیشنل بینک آف پاکستان مون مارکیٹ برانچ علامہ اقبال ٹاؤن لاہور،آپ مزید معلومات کے لیے 0333-4242691،042-37801243 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

جاوید چوہدری

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments