پاکستان میں پہلی بار دل کے مریضوں کے علاج کے لیے منفرد اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے وہ مریض جن کے دل کے دائیں یا بائیں پٹھے ناکارہ ہو گئے ہوں نئی تکنیک کے ذریعے دل کے مریضوں کو مکینکل ہارٹ (دل) لگایا جائے گا، پاکستان کے ہیرو اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد ملک کے پہلے مریض ہوں گے جنھیں مکینکل دل لگانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کراچی کے قومی ادارہ امراض قلب کے سربراہ پروفیسر ندیم قمر کی درخواست پر مکینیکل دل اور دل کی پیوند کاری کرنے والے عالمی شہرت یافتہ امریکا میں مقیم معروف پاکستانی ہارٹ ٹرانسپلانٹ (دل کی پیوندکاری) سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری نے مریضوں کی خدمت کے لیے قومی ادارہ امراض قلب شمولیت اختیار کر لی ہے۔
پاکستان میں پہلی بار نئی اور منفرد تکنیک اسپتال کے سربراہ پروفیسر ندیم قمرکی کاوشوں کا نتیجہ ہے، اسپتال کے سربراہ نے منصور احمد کے دل کا بایاں حصہ ناکارہ ہونے اوراس کی جگہ مکینکل دل (LVAD ) Left Ventricular Assist device لگانے کے لیے امریکی فرم کو آرڈر بھی دے دیا ہے جو آئندہ ماہ قومی ادارہ امراض قلب میں لگایا جائے گا۔ مکینکل ہارٹ متاثرہ شخص کو لگا کر اس کی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔ اس تکنیک کو طبی زبان میں LVAD کہا جاتا ہے، اس جدید اور منفرد طریقہ علاج اور ڈیوائس کی پیوند کاری کے بعد مریض نارمل زندگی گزار سکتا ہے اگر LVAD لگانے کے بعد کسی بھی قسم کی پیچیدگی کی صورت میں مریض کے دل کی پیوند کاری (ہارٹ ٹرانسپلانٹ) ناگزیر ہو جاتی ہے۔
قومی ادارہ امراض قلب کی انتظامیہ نے اسپتال میں دل کے مریضوں کو جدید اور نئے طریقہ کار علاج متعارف کرانے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، گزشتہ کئی سال سے عارضہ قلب کی پیچیدگیوں میں مبتلا قومی ہاکی ٹیم کے ہیرو اور سابق اولمپیئن گول کیپر منصور احمد کو امراض قلب کے ماہرین کی زیر نگرانی 2 سال قبل کمزور دل میں CRT (کارڈیک ڈیوائس) لگائی گئی تھی جس کے بعد وہ نارمل زندگی گزار رہے تھے تاہم اچانک انھیں دوبارہ دل کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال کے سربراہ پروفیسر ندیم قمر نے قومی ٹیم کے ہیرو منصور احمد کی زندگی بچانے کے لیے امریکا میں مقیم معروف پاکستانی ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری سے رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ پاکستان آکر قومی ہاکی ٹیم کے ہیرو سمیت دیگرکی قیمتی جانیں بچانے کیلیے ادارہ امراض قلب میں شمولیت اختیار کریں۔
اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر حمید اللہ ملک نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری نے پروفیسر ندیم قمر کی درخواست قبول کرتے ہوئے قومی ادارے میں شمولیت اختیار کر لی ہے، ہاکی ٹیم کے ہیرو منصور احمد کے مرض پر قابو پانے کیلیے مکینکل دل لگانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاکستان میں مکینکل ہارٹ لگانے کا سہرا ادارے کے سربراہ پروفیسر ندیم قمر کو جاتا ہے، ڈاکٹر حمید اللہ ملک نے مکینیکل ہارٹ کے حوالے سے بتایا کہ LVAD تکنیک پاکستان میں پہلی بار متعارف کرائی جارہی ہے، مریض کے دل کا بایاں حصہ جو ناکارہ ہو جاتا ہے وہاں مکینکل ڈیوائس دل کے اندر لگائی جاتی ہے جس کے بعد دھاتی تار سے ٹانکے لگائے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں ڈیوائس لگائے جانے کے بعد دل کا بایاں حصہ ڈیوائس کی مدد سے کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔
اس نئی تکنیک کے دنیا میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اور یہ تکنیک دل کے مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جن کے دل کے دائیں یا بائیں حصے ناکارہ ہو جاتے ہیں، دنیا میں اس تکنیک کے ذریعے علاج بہت مہنگا ہے لیکن قومی ادارہ امراض قلب میں اس تکنیک کے ذریعے بلا معاوضہ علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انھوں نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ قومی ادارہ برائے امراض قلب کی سرپرستی کر کے غریب مریضوں کو علاج کی جدید ترین سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments