Ticker

6/recent/ticker-posts

ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے جذام کے مرض کیخلاف لڑنے والی جرمن نژاد ڈاکٹر رتھ فاؤکے نام سے ایک یادگاری ٹکٹ اور50 روپے کا سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ڈاکٹر رتھ فاؤکی دکھی انسانیت کییے اعلیٰ ترین خدمت کے عوض ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا ہے، ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے 8 روپے کا یادگاری ٹکٹ جاری کیا جائیگا۔ پاکستان پوسٹ نے دوسرا ٹکٹ ایئر ٹرانسپورٹ سپورٹ کے نام سے 10 روپے کا جاری کیا ہے، ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے 8 روپے والے یادگاری ٹکٹ کو میری ایڈیلیڈ لپروسی سینٹر میں انتظامیہ کے حوالے کیے جانے کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں جرمن قونصل جنرل رینھر سمیت پاکستان پوسٹ آفس کے حکام سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ 

حکومت پاکستان نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے پہلی بار 50 روپے کا سکہ بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو جلد ہی پاکستان میں متعارف کرا دیا جائے گا۔  واضح رہے کہ پاکستان میں جذام کے مرض سے لڑنے والی اور پاکستان میں جذام کے مریضوں کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والی جرمن ڈاکٹر رتھ فاؤ 10 اگست کو کراچی میں انتقال کر گئی تھیں، ان کی خواہش کے مطابق انھیں تدفین کے وقت سرخ جوڑا پہنایا گیا تھا، 9 دن بعد 19 اگست کو ڈاکٹررتھ فاؤ کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گورا قبرستان میں تدفین کی گئی جس میں صدرپاکستان، وزیر اعظم، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی.

حکومت سندھ نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کے انتقال کے بعد سول اسپتال کراچی کا نام ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے منسوب کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جبکہ پشاورکے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے لپروسی یونٹ کا نام بھی ڈاکٹر رتھ فاؤکے نام سے منسوب کیا گیا۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ پاکستان میں 57 سال سے جذام (کوڑ) کے مرض میں مبتلا مریضوں کے لیے کام کر رہی تھیں، ڈاکٹر رتھ فاؤ نے پاکستان میں157 جذام کے مراکز قائم کیے جہاں جذام کے مریضوں کو بلا معاوضہ آج بھی علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، دریں اثنا پاکستان جذام کے57 ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں، ہر سال 3 سو سے زائد نئے مریض رپورٹ ہوتے ہیں جن کا میری ایڈیلیڈ لپروسی اسپتال میں علاج کیا جاتا ہے۔

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments